ملفوظ، علامہ سید سلیمان ندوی رح
**************************************
دنیا میں جس چیز نے سب سے زیادہ گمراہی پھیلائی وہ دین و دنیا کا فرق ہے
دین کا کام الگ کیا گیا اور دنیا کا کام الگ
خدا کا حکم الگ ٹھہرایا گیا اور قیصر کا حکم الگ
دنیا کے حصول کا راستہ الگ بتایا گیا اور دین کے حصول کا الگ
نونہالانِ اسلام! یہ سب سے بڑی غلطی تھی جو دنیا میں پھیلی تھی
اس غلطی کا پردہ پیغامِ محمدیﷺ کی نورافگن شعاعوں نے چاک کردیا
اسنے بتلایا کہ *اخلاص اور نیک نیتی کے ساتھ اسی دنیا کے کاموں کو خدا کے بتلائے ہوئے اصول کے مطابق انجام دینا دین ہے*
یعنی *خدا کے اصول کے مطابق دنیا داری ہی دراصل دینداری ہے*
لوگ سمجھتے ہیں کہ ذکر و فکر، گوشہ نشینی و عزلت گیری، کسی غار اور پہاڑ کے کھوہ میں بیٹھ کر خدا کو یاد کرنا دینداری ہے
اور دوست و احباب، آل و اولاد، ماں باپ، قوم و ملک، اور خود اپنی آپ مدد، فکرِ معاش اور پرورشِ اولاد *دنیا داری ہے*
اسلام نے اس غلطی کو مٹایا اور بتایا کہ *خدا کے حکم کے مطابق ان حقوق و فرائض کا بخوبی ادا کرنا بھی عین دینداری ہے* (کیونکہ یہ حقوق و فرائض بھی خدا ہی کے عطا کردہ ہیں)