Home حقوق گارنٹیاں ۔۔۔ وارنٹیاں ‏

گارنٹیاں ۔۔۔ وارنٹیاں ‏

0
9


 

 

آپ نے اکثر جگہوں پر کچھ شرائط نامہ
لکھا ہوا دیکھا ہو گا۔ مثلاً موبائل ٹھیک کروانے جائیں تو وہاں ’انجینئر صاحب‘ کی
پشت والی دیوار پر ایک بڑا سا چارٹ لکھا ہوا ہوتا ہے۔ ‘اپنا موبائل پندرہ دن کے
اندر واپس لے جائیں ورنہ دکاندار ذمہ دار نہ ہو گا۔’ ۔۔۔ ‘موبائل کی بیٹری تبدیل
کروانے پر بیٹری نہ چلی تو کوئی گارنٹی نہیں ہو گی۔’ ۔۔۔ ‘موبائل ٹھیک کرنے کے
دوران خراب ہو گیا تو دکاندار کا ذمہ دوش پوش’ ۔۔۔ وغیرہ وغیرہ۔

 

اسی طرح کسی ہاؤسنگ سکیم میں پلاٹ بک
کروائیں تو پشت پر لمبی چوڑی تنبہیہ درج ہوتی ہے کہ ’قسط لیٹ ہونے کی صورت میں
اتنا جرمانہ ہو گا‘ ۔۔۔ چیک ڈس آنر ہونے کی صورت میں اتنا جرمانہ ہو گا۔‘ ایسی تمام
شرائط میں کوئی شرط ایسی نہیں ہوتی جو آپ کے حق میں جا رہی ہو۔ یعنی کہیں یہ درج
نہیں ہوتا کہ مقررہ تاریخ تک پلاٹ کا قبضہ آپ کو نہ دیا گیا تو کمپنی اتنا جرمانہ
ادا کرے گی یا فلاں چیز اگر ٹھیک نہ ہوئی تو اس کا ہرجانہ دوکاندار ادا کرے گا ۔۔۔

 

یہ ایک یکطرفہ شرائط نامہ ہوتا ہے، جس
کے تمام تر نقصانات آپ کے کھاتے میں جا رہے ہوتے ہیں۔ آپ نے اکثر ایسے شرائط ناموں
کے آخر میں یہ جملہ بھی لکھا دیکھا ہو گا کہ ’’کوئی بھی تنازعہ ہونے کی صورت میں
اس کاروائی کو کسی عدالت میں چیلنج نہیں کیا جاسکتا‘‘۔ گو کہ یہ ایک احمقانہ جملہ
ہوتا ہے، لیکن خریدار پر اس کا بیٹھے بٹھائے رعب پڑ جاتا ہے۔ یہ جملہ از خود
توہینِ عدالت ہے۔ گویا دکاندار نے اپنا کوئی قانون بنا لیا ہے اور عدالتوں کے
اختیار کو یکسر نظر انداز کر دیا ہے۔

 

پچھلے دنوں ایک دوست نے اپنا موبائل،
بیٹری تبدیل کرنے کے لئے دکاندار کو دیا۔ بیٹری تو تبدیل ہو گئی لیکن موبائل نے
چلنے سے انکار کر دیا۔ دکاندار سے بحث ہوئی تو اس نے حسبِ عادت اپنی دکان میں لگے
چارٹ کی طرف اشارہ کیا جس پر لکھا تھا کہ موبائل میں کسی قسم کی خرابی کی ذمہ داری
دکاندار کی نہیں ہو گی۔ دوست نے سر ہلایا اور واپس آ گیا ۔ اگلے روز اس نے دکاندار
کو صارف کورٹ کا نوٹس بھجوا دیا۔ قصہ مختصر، عدالت میں دکاندار نے جج صاحب کے
سامنے یہی مؤقف اپنایا کہ یہ دیکھیں ہم نے لکھ کر لگایا ہوا ہے کہ ہماری دوکان کے
کسی معاملے کو عدالت میں چیلنج نہیں کیا جا سکتا۔ جج صاحب نے گھور کر اسے دیکھا
اور بولے، ’’اس بات پر تو آپ کی سز ا ڈبل بنتی ہے، آپ کون ہوتے ہیں کسی بھی معاملے
کو عدالتی دائرہ اختیار سے باہر رکھنے والے۔؟‘‘ دکاندار نے پہلے تو بغلیں جھانکیں،
پھر گھگھیا کر معافی مانگی کہ آئندہ ایسا نہیں ہو گا۔

 

ہم دن رات ایسے ہی بے مقصد جرمانے بھرتے
ہیں ۔ نیا فریج خراب نکل آئے تو کمپنی والے اطمینان سے جواب دیتے ہیں کہ ہم نے
پُرزوں کی گارنٹی نہیں دی تھی۔ آپ نے نہایت نیک لوگوں کی دوکان پر بھی جلی حروف
میں یہ لکھا ہوا دیکھا ہو گا کہ ’’خریدا ہوا مال واپس یا تبدیل نہیں ہو گا۔’ یہ
کبھی ایسی بات نہیں لکھتے کہ ’’ہمارا مال خراب نکل آئے تو ہم دوگنے پیسے ادا کریں
گے‘‘۔ وجہ صرف یہ ہے کہ ایسی بات لکھنے سے خطرہ ہوتا ہے کہ کہیں سارے مال کے دوگنے
پیسے ادا نہ کرنے پڑ جائیں ۔

 

ایک اور عادت بڑی عام ہے۔ آپ کہیں سے
کوئی چیز خریدیں، دکاندار اسی وقت بتا دے گا کہ دوکان میں کھڑے ہو کر چیز چیک کر
لیں، بعد میں خراب ہو گئی تو ہم ذمہ دار نہیں ہوں گے۔ گویا اگر آپ نے لیپ ٹاپ
خریدنا ہے تو کم از کم دو گھنٹے دوکان میں ضرور بیٹھیں تاکہ اچھی طرح کھول کر چیک
کر سکیں کہ ایک ایک چیز چل رہی ہے یا نہیں۔ کیونکہ جو چیز آپ بھول گئے وہ آپ ہی کے
پلے پڑے گی۔ یہ الگ بات ہے کہ آپ موقع پر بھی کوئی چیز غلط ثابت نہیں کر سکتے۔ کیا
آپ نے کوئی ایسا شخص دیکھا ہے جس نے بازار میں بکنے والے شربت میں چینی کی بجائے
سکرین ثابت کی ہو اور پانچ ہزار کا انعام جیتا ہو؟ اخباروں کے اشتہار میں بھی
دعویٰ کیا جاتا ہے کہ شوگر کا علاج صرف تین دنوں میں۔ لیکن جب آپ علاج کروانے
پہنچتے ہیں تو پتا چلتا ہے کہ آپ کی علامات تین دن میں ٹھیک ہونے والی نہیں ہیں۔
آپ ڈھونڈتے رہ جاتے ہیں کہ کوئی ایسا مریض بھی نظر آئے جس کو تین دن میں خوشخبری
مل سکے، لیکن اتفاق سے وہاں آیا ہوا ہر مریض آپ ہی کی طرح ’آخری سٹیج‘ پر ہوتا ہے۔
منی بیک گارنٹی والی کتنی چیزوں کی قیمت آپ کو واپس ملی؟

 

آن لائن شاپنگ والے اور بھی زیادہ
محتاط ہوتے ہیں، یہ گاہک کو یہ بھی حق نہیں دیتے کہ وہ موصول شدہ چیز کو ایک دفعہ
کھول کر ہی دیکھ لے کہ کیا واقعی ڈبے میں وہی چیز ہے یا کوئی اور چیز آ گئی ہے۔ بس
آپ نے پیسے ادا کرنے ہیں اور ڈبہ لے لینا ہے، بعد میں بے شک اندر سے ٹارچ کی بجائے
جرابوں کا جوڑا نکل آئے۔

 

میرا ایک دوست بہت سوکھا پتلا ہے۔ اسے
ساری زندگی خواہش رہی کہ اس کے بھی ڈولے بن جائیں اور وہ بھی طاقتور نظر آئے۔
موصوف نے پچھلے دنوں فیس بک پر آن لائن شاپنگ والوں کااشتہار دیکھا، جس میں لکھا
تھا کہ اگر سوکھے پتلے ہیں تو ہماری یہ خاص پراڈکٹ منگوائیں، ایک گھنٹے میں آپ
اپنی آنکھوں سے اپنی طاقت دیکھ سکیں گے۔ قبلہ بہت خوش ہوئے اور پانچ ہزار میں
مذکورہ پراڈکٹ کا آرڈ بک کروا دیا۔ تین چار دن بعد گھر کے دروازے پر بیل ہوئی اور
پوسٹ مین نے خوشخبری سنائی کہ آن لائن شاپنگ والوں کی طرف سے آپ کا پیکٹ آیا ہے۔
بہت خوش ہوئے، پانچ ہزار دے کر ڈبہ اندر لے آئے۔ آ کر کھولا تو کمپنی کا کہا سچ
پایا ۔۔۔ ایک ایسی چیز سامنے تھی جو واقعی ان کے سوکھے پتلے جسم کو طاقتور دکھا
سکتی تھی ۔۔۔ اندر ایک 50 روپے والا محدب عدسہ پڑا ہوا تھا۔

 

یہ گارنٹیاں اور وارنٹیاں صرف گاہک کو
اطمینان دلانے کے لئے ہوتی ہیں ۔ میرے ایک محلے دار نے شکایت کی کہ انہوں نے فوم
کا ایک گدا خریدا تھا، جس کی گارنٹی لائف ٹائم تھی لیکن وہ دو سال میں ہی بیٹھ گیا
ہے۔ ان کی خواہش تھی کہ میں اُن کے ساتھ فوم کی دکان پر چلوں اور خونخوار طریقے سے
نہ صرف دلائل دوں بلکہ ان کا گدا بھی تبدیل کروا کے دوں۔ میں چونکہ خدمتِ خلق میں
پیش پیش رہتا ہوں لہٰذا فوری طور پر ایک ایسی شرٹ پہنی جس کے گریبان کے دو بٹن
ٹوٹے ہوئے تھے ۔۔۔ بال بکھرا لئے ۔۔۔ دانتوں میں ماچس کی تیلی دبا لی ۔۔۔ اور
احتیاطاً گلے میں رومال بھی باندھ لیا ۔۔۔ دُکان پر پہنچے تو کاؤنٹر پر چھ فٹ لمبا
بندہ بیٹھا تھا، جس کی جسمانی ساخت سے لگ رہا تھا کہ کثرت سے کسرت کرتا ہے۔ میں نے
آہستہ سے رومال گلے سے کھینچ لیا اور ہاتھ سے گریبان بھی ڈھانپ لیا۔ محلے دار میری
طرف دیکھنے لگے کہ اب میں کیا کرتا ہوں۔ میں نے اُنہیں اشارہ کیا کہ وہ اپنا کیس
پیش کریں۔ انہوں نے کاؤنٹر والے سے اپنا مسئلہ بیان کیا تو وہ قہقہہ لگا کر ہنس
پڑا ۔۔۔ وجہ پوچھی گئی تو بے نیازی سے بولا ’’بھائی صاحب! لائف ٹائم گارنٹی سے
مراد آپ کی لائف نہیں فوم کی لائف ہوتی ہے ۔۔۔ اس فوم کی لائف دو سال تھی لہذا
گارنٹی بھی پوری ہو گئی‘‘۔ محلے دار نے جلدی سے میری طرف دیکھا اور میں نے نظریں
دوسری طرف کر لیں ۔۔۔دوکاندار کی دلیل زیادہ وزنی تھی ۔۔۔ !!!

 

NO COMMENTS

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here