کچھ لوگ سیب
سادہ طریقے سے کاٹ کر سامنے رکھ دیتے ہیں، کچھ لوگ سیب کاٹنے کے دوران ان کے بیج
والے حصے کو بھی علیحدہ کر دیتے ہیں۔
اس بیج کو
علیحدہ کرنے میں کچھ سیکنڈ زیادہ لگتے ھیں لیکن کھانے والے کو اطمینان ملتا ہے اور
وہ زیادہ مزے سے سیب کھا لیتا ہے۔
اسی کو نفاست
کہتے ہیں۔۔۔
آپ نے کبھی
ہاف فرائی انڈہ بنایا ہے ؟
کچھ لوگ ہاف
فرائی انڈہ عام طریقہ سے بناتے ہیں جبکہ ہاف فرائی انڈہ بنانے کے لیے آگ نسبتاً کم
رکھی جاتی ہے (تاکہ زردی کچی رہے) لیکن سفیدی پوری طرح پَک جائے، ہاف فرائی انڈے
کو پلٹایا بھی نہیں جاتا صرف ڈھکن کے زریعے دَم دیا جاتا ہے اور آئل، مکھن وغیرہ
کم استعمال کیا جاتا ہے، ایسے طریقہ سے بہت کم لوگ انڈہ بناتے ہیں، اصلی طریقے اور
روایتی طریقہ میں صرف تکنیک کا فرق ہے اور ہوسکتا ہے کہ کچھ سیکنڈ زیادہ لگ جائیں،
روایتی طریقہ میں انڈے کے کنارے سرخ ہوجاتے ہیں اور زردی بھی پک جاتی ہے جس کی وجہ
سے اصلی ہاف فرائی کا مزہ نہیں ملتا جبکہ صحیح طریقہ سے پکانے پر لطف دوبالا
ہوجاتا ہے
اسی کو نفاست
کہتے ہیں۔۔۔
میرے کام میں
سٹین لیس سٹیل کے پائپ استعمال ہوتے ہیں، یہ بیس فٹ لمبے ہوتے ہیں جن کو کاٹنا
پڑتا ہے، میں اس کو مزدوری پر باہر سے ہی کٹواتا ہوں، ایک بندے سے ڈسک کٹر مشین سے
پائپ کٹوائے، اس نے مزدوری طے ہونے کے بعد پائپ کاٹنے شروع کیے لیکن اس میں دو
مسئلے آ رہے تھے، ایک تو پائپ کے سائز میں سوتر تک کا فرق آ رہا تھا اور دوسرا
پائپ کے کاٹنے کے بعد اس کے کناروں پر سٹیل کی باریک بُر آگئی تھی جس کی وجہ سے
ہاتھ زخمی ہونے کا شدید اندیشہ رھتا ہے اور اس کاریگر نے اس کو صاف نہیں کیا۔
اگلی دفعہ
ایک اور کاریگر سے اتنی ہی مزدوری پر کام کروایا، اس نے اطمینان سے پہلے اڈا سیٹ
کیا اور پچھلے والے کاریگر سے کچھ زیادہ وقت لگا کر پائپ کاٹا (ایک پائپ میں
تقریباً بیس سیکنڈ زیادہ لگائے) اور کاٹنے کے بعد اس پائپ کے کناروں کو اطمینان سے
ڈسک کے ساتھ ہی رگڑ دیا تاکہ بُر ختم ہوجائے ،میں پہلے والے کے پاس دوبارہ کبھی
نہیں گیا اور اب دوسرے والے سے ہی اپنا کام کرواتا ہوں۔
اسی کو نفاست
کہتے ہیں۔
کام میں
نفاست صرف اس وقت آتی ہے جب آپ اپنے کام سے مخلص ہوں گے اور شوق سے کریں گے۔
پوری دنیا
میں سب سے نفیس اور اچھا کام کرنے والی قوم جاپان کی ہے، جس چیز پر میڈ ان جاپان
لکھا ہوگا وہ کبھی گھٹیا نہیں ہو سکتی، ایک ہی چیز کے ریٹ مختلف ہوسکتے ہیں ، ان
کے معیار میں فرق ھو سکتا ہے لیکن پھر بھی ادھر کی سب سے ہلکی کمپنی بھی گھٹیا چیز
نہیں بناتی۔
اس کی سب سے
بڑی وجہ یہ ہے کہ وہ لوگ اپنے کام سے مخلص ہیں، اپنے گاہک سے مخلص ہیں۔
کیا ہم اپنے
کام سے مخلص ہیں ؟؟؟؟؟؟
جو لوگ
انڈسٹری کا کام سمجھتے ہیں وہ یہ بات جانتے ہیں کہ پاکستان کی اکثر بنی ہوئی چیزیں
عالمی معیار کی نہیں ہوتیں، اگر کسی چیز کا آرڈر آ بھی جائے تو دوسری تیسری دفعہ
میں معیار پر سمجھوتے کی وجہ سے آرڈر بند ہوجاتا ہے۔
کاش یہ بات
ہمیں شروع سے ہی سکھائی جاتی، ہماری تربیت کا حصہ ہوتی، ہمارے گھروں، سکولوں میں
اس کو سکھانے کا رواج ہوتا کہ ہم اپنے کام سے مخلص ہوجائیں، ترقی یافتہ ممالک کی
کامیابی کا یہی راز ہے!
میری یہ بات
ہر بندے تک نہیں پہنچ سکتی لیکن اگر آپ یہ پڑھ رہے ہیں تو پہلے اپنی ذات سے اس کو
شروع کرنا ہے اور دوسرا جو بھی بندہ ملے اس کو یہ تبلیغ کرنی ہے کہ کم از کم ہم
اپنے کام سے مخلص ہوجائیں۔
منقول