فیس بک اور واٹس ایپ کی اس وسیع دنیا میں جہاں آپ کو کچھ کام کی باتیں ملیں گیں وہیں آپ کو انواع اقسام کی خرافات کا بھی سامنا کرنا پڑے گا۔
یہاں آپ کو کبھی کوئی بلی کسی ویڈیو میں نماز پڑھتی نظر آئے گی،
کبھی کوئی پرنده سجده کرتا دکھائی دے گا۔
کبھی تربوز میں اللہ محمد لکھا نظر آئے گا
کبھی خانہ کعبہ کے اوپر ایک فرشتہ نمودار ہوگا جو خود بیت الله میں کسی کو دکھائی نہیں دے گا مگر ہم فیس بُکی مسلمانوں کو نظر آئے گا۔
کبھی مائیکل جیکسن زین بہیکا کی آواز میں مشہور انگریزی حمد (say thanks to ALLAH) گا رہا ہوگا اور سب اندھا دھند سبحان الله، سبحان الله کہه رہے ہوں گے۔
یہیں کہیں کسی پوسٹ میں آپ کوسیدہ خدیجہ رضی الله عنها کی سلائی مشین بھی دکھائی دے گی …..
کیا کہا نہیں نظر آئی؟؟؟
ارے بھئی سبحان الله اور ماشاء الله کے کمنٹس ہٹا کر دیکھیں یہیں کہیں پائی جائے گی۔
فیس بُکی دنیا میں ہی کبھی کسی دیوار یا صفحے کی کھدائی کریں تو یہ بات بھی آپ کے علم میں آئے گی کہ مشہور خلاء باز نیل آرم اسٹرانگ جب چاند پر گئے تو انہیں وہاں صرف ایک آواز سنائی دی جو کہ اذان کی آواز تھی اور انہوں نے چاند سے واپسی پر فی الفور اسلام قبول کر لیا۔
اب اس تفصیل میں کون جائے کہ چاند پر فضا ( atmosphere) زمیں جیسا نہیں اور وہاں آواز سنائی نہیں دیتی، نہ ہی کوئی اس تحقیق میں پڑے گا کہ اس امریکی خلاء باز کے چاند پر جانے اور نہ جانے کے بارے میں بھی دو رائے ہیں۔
کبھی بھارتی نژاد امریکی خلاباز سنیتا مارشل کو چاند سے کعبہ صاف نظر آیا تو وہ بھی مسلمان ہو گئی۔ یہ اور بات ہے کہ سنیتا مارشل کبھی بھی چاند پر نہیں گئی اور خلا میں ابھی بھی اپنے ساتھ وید (ہندو وں کی مذہبی کتاب) ساتھ لے کر جاتی ہے۔
کبھی بدھ مذہب کے رہنما دلائی لاما ہمارے حضور پاک صلی الله علیه و سلـّم کی عظمت کا اعتراف کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ اسلام امن کا دین ہے تو ہم اپنا ذہنی توازن کھو بیٹھتے ہیں اور کہتے ہیں کہ اس ویڈیو کو اتنا شیئر کرو کہ تمام مسلمانوں کو اس بات کا یقین/علم ہوجائے…. کوئی مجھے بتائے کہ ہمارے عقیدے اس قدر کمزور ہیں کہ ہمیں محمد صلی الله علیه و سلـّم کی ذاتِ اقدس کی عظمت کی گواہی ان غیر مسلموں سے لینی پڑے گی!!!!!
یہیں آپ کو سچے اور پکے مسلم بہن بھائیوں کی طرف سے پیش کی گئی وہ پوسٹ بھی نظر آئی گی کہ جو آپ نے آگے شیئر نہ کی تو آپ دائرة الاسلام سے خارج ہوجائیں گے اور اگر ماشاء الله اور سبحان الله نہ کہا گیا تو آپ دنیا کے سب سے بڑے کنجوس کہلائے جائیں گے۔
الله کے بندو!
کچھ تو زور اپنے ذہن پر بھی ڈالا کرو کہ اسے زنگ نہ لگ جائے۔ اس بات سے کسے انکار ہے کہ الله کی تمام مخلوق، چرند پرند، آسمان و زمین اور اس کے درمیاں کی ہر شئے اُس کی حمد میں مصروف ہے۔ مگر اُن کا طریقہ ہم سے مختلف ہے، نماز ہم پر فرض ہے نہ کہ ان بلیوں پر جنہیں مسلمان بنانے کی تگ و دو میں آپ لگے ہیں۔
کسی چیز کو شیئر کرنے یا نہ کرنے سے لوگ کافر ہونے لگے تو ہوگیا کام، ہم سب تو پھر دائرة الاسلام سے خارج قرار پائیں گے۔ اور اگر شیئر کرنے سے ہی مسلمان ہونا ثابت ہوتا ہے تو فیس بک اور واٹسایپ سے پہلے کی دنیا میں کون مسلمان تھا !!
ضرورت اس اَمر کی ہے کہ اندھی تقلید کرنے کے بجائے کسی بھی چیز پر یقین اور شیئر کرنے سے پہلے اس بات کو یقینی بنا لیا جائے کہ آیا یہ سچ ہے یا اس کی کوئی حیثیت ہے بھی کہ نہیں۔۔۔۔۔
یہ پوسٹ اگر آپ نے 20 لوگوں کو شیئر نہ کی تو یقین کریں کوئی گناہ نہیں ہو گا۔۔۔۔