کئی گھنٹے کا تربیہ سیشن تھا اختتام پر ہم دونوں ساتھ گاڑی میں بیٹھے۔
میں نے نیٹ آن کیا کہ بارش کے قطروں کی طرح ٹن ٹن درجنوں میسیج۔
اس نے بھی ڈیٹا آن کیا اور وہ بھی میری طرح محو ہوگئی۔
چند گھنٹوں کا وقفہ آجائے تو لگتا ہے اتنا قرض چڑھ گیا گردن پر۔
چند منٹ میسیج کا جواب نہ دو،کال ریسیو نہ کرو تو اگلے کی ناراضگی سہنا پڑتی ہے کہ
آپ کال کیوں نہیں ریسیو کرتیں؟
آپ بروقت جواب ہی نہیں دیتیں!!
اس وجہ سے فلاں چیز تاخیر کا شکار ہوئی!!
آپ ہر وقت میسر رہیں ایسا کیسے ہوسکتا ہے؟
آپ کہیں “حاضر”ہیں تو لامحالہ کہیں آپ کی “غیر حاضری” بھی لگ رہی ہے۔
سچ بولیں اپنے آپ سے۔۔۔
دور افق پر رمضان ہماری بستیوں میں جھانک رہا ہے۔۔
نماز میں سارا دھیان اسی موئے موبائل پر لگا رہتا ہے۔۔
میں لوگوں کی ضرورت ہوں۔۔
دنیا میرے بن کتنی تنہا ہے۔۔
محفلیں میرے بن کتنی سونی ہوتی ہیں۔
مجھ سے جڑے میرے بن ایک دن نہ جی پائیں گے۔۔
دو گز کے گھروں میں آباد بستیوں کے سب مکین یہی سوچا کرتے تھے۔۔
فیس بک کمنٹس، لائکس۔ایک کے بعد ایک آڈیو وڈیو کھلتی چلی جاتی ہے۔
میرا ریموٹ میرے ہاتھ سے چھن چکا ہے ہمیں یہ ادراک ہو جانا چاھئے۔
سچ کہیں پچھلے رمضان سے اب تک
کتنی گھڑیاں قرآن پر غور وفکر میں گزاریں؟
کتنا دل لگتا ہے نمازوں میں؟
سمجھ بھی آتا ہے کہہ کیا رہے ہیں وقت ملاقات مصلے پر؟؟
حضرت عائشہ صدیقہ رضہ کی عمر فقط اٹھارہ برس تھی جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم دنیا سے رخصت ہوئے۔
ایک بار آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا سر ان کی گود میں تھا اچانک ان کے آنسو آپ کے چہرہ مبارک پر گرے،پوچھا کیا ہوا عائشہ؟؟
بولیں مجھے دوزخ یاد آرہی ہے۔۔
کیا پچھلے ایک برس میں ایک بار بھی دوزخ ایسے یاد آئی کہ خوف سے آنسو چھلک پڑے ہوں؟
حالانکہ ہمارے اور ان کے اعمال کا کیا مقابلہ؟رونا تو ہمیں چاہیے کہ کل کے لیے کیا ہی کیا یے؟؟
سچی بات ہے ہر محبوب کو تنہائی درکار ہوتی ہے۔.
ہماری تنہائیوں کا محبوب یہ موبائل یے۔
اگر دن کے اڑتالیس گھنٹے ہوں وہ بھی کم ہیں ان آڈیوز اور ویڈیوز کے لیے۔
کرونا نے کتنے دکھ دئے، دل چھلنی ہوگیا۔
مگر بدلا کچھ ایک فیصد بھی نہیں۔۔ نہ دل کی دنیا میں نہ گھر کی دنیا۔۔
رمضان آرہا ہے چلا بھی جائے گا۔سحروافطار کے ہنگامے،کچھ نوافل،کچھ صدقات،کچھ ختم قرآن۔۔ روزوں کا حاصل۔
سوچتی ہوں جادوگران فرعون کو کیسے لمحہ بھر میں رب کی معرفت مل گئی دل کی دنیا پلٹ گئی۔
ایسا نہ ہو کہ
اللہ تعالیٰ ہمارے پلٹنے کے منتظر ہوں۔اسی لیے یہ ایک اور رمضان عطا کردیا۔
اگر اللہ نے روز حشر شکوہ کیا کہ۔۔۔
“اتنا مصروف رہتی تھیں تم مجھ سے ملنے کی فرصت ہی نہ تھی…
نہ نماز میں ہمیں سمجھ آتا ہے کیا کہہ رہے ہیں ،نہ قرآن کو پڑھتے ہوئے کبھی آنسو آئے یا لرزہ طاری ہوا۔۔
اس کی نعمتوں سے جھولیاں بھر رہے ہیں مگر
اس سے ملنے کا وقت ہی نہیں۔
کہ
کار جہاں دراز ہے میرا انتظار کر۔۔
12/4/21